انقرہ:(روزنامہ دنیا) ترکی کے تاریخی صوبے کی مقامی حکومت نے کچرا اٹھانے کیلئے گدھوں کو سرکاری ملازم کے طور پر بھرتی کرلیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں واقع ماردین صوبے کے تاریخی ضلع ارٹکلو کی مقامی حکومت نے کوڑا صاف کرنے کیلئے گدھوں کی خدمات حاصل کرلیں۔میونسپلیٹی کارپوریشن نے اس کام کیلئے باقاعدہ گدھوں کو بھرتی کیا جو دن بھر میں صرف 6 گھنٹے کام کریں گے اور مختلف علاقوں سے کچرا جمع کر کے اُسے مقررہ مقام پر پہنچائیں گے۔
گدھے کے ساتھ ایک سرکاری ملازم بھی ہوگا جو کچرے دان سے کوڑا جمع کر کے اُسے پشت پر رکھی ہوئی بوری میں ڈالے گا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گدھے جب شام میں اپنی ٹائمنگ پوری کر کے واپس آئیں گے تو انہیں کھانا فراہم کیا جائے گا جبکہ انہیں سرکاری اصطبل میں رکھا جائے گا۔ایک گدھے کو 7 سال کیلئے ملازمت دی جائے گی جس کے بعد سرکاری اصطبل سے آزاد کر دیا جائے گا۔