برلن: (ویب ڈیسک) جرمنی سے ایک عجیب و غریب خبر آئی ہے جہاں پر دو نوجوانوں کو کورونا وائرس کے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار کیے گئے نوجوان مکان کی چھت پر جمع تھے اور حجام سمیت پکڑے گئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ جنوبی جرمن شہر اُلم میں پیش آیا، جہاں ملک بھر میں کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے لاک ڈاؤن کے سلسلے میں لگائی گئی قانونی پابندیوں کی ایک ایسی خلاف ورزی دیکھنے میں آئی، جو کافی عجیب ہونے کے ساتھ ساتھ مضحکہ خیز بھی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: رینگنے والے جانوروں کیلئے انوکھا پل
اس شہر میں ایک مکان کی چھت پر تین نوجوان جمع تھے اور وہ کچھ کر رہے تھے۔ قریب ہی ایک ہمسائے نے، جس کی شناخت پولیس نے ظاہر نہیں کی، یہ منظر دیکھا تو صورتحال کا اندازہ لگا کر پولیس کو اطلاع کر دی۔
ہمسائے کا اندازہ تھا کہ تین میں سے ایک نوجوان حجام تھا اور باقی دو اس کے گاہک جو بال کٹوانے کے لیے مکان کی چھت پر موجود تھے۔
اُلم کی پولیس نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر جب پولیس اہلکار موقع پر پہنچے تو مکان کی چھت پر حجام کی ایک کرسی رکھی ہوئی تھی جس پر بیٹھا ایک نوجوان حجام سے اپنے بال کٹوا رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بابا وانگا کی 2021 کیلئے حیران کن پیشگوئیاں
قریب ہی ایک صوفے پر ایک تیسرا نوجوان بھی بیٹھا تھا، جو بال کٹوانے کے لیے اپنی باری کے انتظار میں تھا۔ یہ تنیوں نوجوان، جن کی عمریں 24 اور 27 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں، اس لیے قانون شکنی کے مرتکب پائے گئے کہ ان تینوں کا تعلق تین مختلف گھرانوں سے تھا اور لاک ڈاؤن کی شرائط کے تحت دو سے زائد گھرانوں کے افراد کا آپس میں نجی طور پر ملنا بھی منع ہے، چاہے ان کی مجموعی تعداد صرف تین ہی کیوں نہ ہو۔
پولیس نے ان تینوں افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ انہیں گرفتار تو نہیں کیا گیا مگر ان کے خلاف کارروائی ہو گی اور انہیں فی کس سینکڑوں یورو جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔