نیو یارک: (ویب ڈسک) امریکا سے ایک حیران کن خبر سامنے آئی ہے جہاں ریاست الاسکا کے کووّں نے خریداری کی چیزیں چوری کرنا شروع کر دیں جس سے شہری حیران ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست الاسکا کے کچھ سپر سٹورز سے خریداری کرنے والے بعض صارفین نے کہا کہ کوؤں نے ان کے سامان میں سے کھانے پینے کی چیزیں اتنی پھرتی اور مہارت سے چوری کی ہیں کہ وہ حیران رہ گئے ہیں۔
الاسکا کے علاقے اینکریج میں کوسٹکو نامی سپر سٹور کے ایک خریدار، میٹ لیوالن نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ جب وہ وہاں سے گھر کےلیے دیگر سامان کے علاوہ کھانے پینے کی چیزیں لے کر نکلا اور پارکنگ میں کھڑی اپنی کار کا لاک کھولنے لگا تو اسی دوران کچھ کووں نے بہت خاموشی سے اس کی شاپنگ کارٹ پر دھاوا بول دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صرف چند سیکنڈ میں وہ اس کے سامان میں سے گوشت اور ہڈی کا ایک ٹکڑا چوری کرچکے تھے۔ جب تک میٹ نے پلٹ کر انہیں دیکھا، تب تک وہ کارروائی مکمل کرکے اُڑ رہے تھے۔ اس دوران وہ اشیائے خور و نوش کی ایک اور تھیلی پھاڑ چکے تھے لیکن یہ کام ادھورا رہ گیا۔
میٹ کا کہنا ہے کہ گوشت کا ٹکڑا خاصا بڑا تھا، لیکن وہ کوّے بھی اچھے خاصے بڑے تھے شاید اسی وجہ سے وہ اس ٹکڑے کو چوری کرکے بہ آسانی لے گئے۔
خاص بات یہ ہے کہ یہ کوّے کسی خریدار پر حملہ آور نہیں ہوتے اور نہ ہی اسے تنگ کرتے ہیں۔ اس کے برعکس، وہ خریدار کے پارکنگ لاٹ میں پہنچنے اور گاڑی کی ڈکی، دروازے کا لاکھ کھولنے کےلیے شاپنگ کارٹ سے دور ہونے کا انتظار کرتے ہیں۔
ایک مقامی خاتون خریدار نے سوشل میڈیا پوسٹ پر لکھا کہ لگتا ہے وہ پوری منصوبہ بندی کرکے چوری کرنے آتے ہیں، اس پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک اور خاتون کہا کہ وہ کوّے ’حساب لگا کر‘ ساری کارروائی کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک اور واقعہ یہ بھی سامنے آیا کہ اسی سپر اسٹور سے خریداری کرنے والی خاتون کو پارکنگ میں فرش پر بیٹھے ایک کوّے نے کائیں کائیں کرکے اپنی طرف متوجہ کیے رکھا جب کے ان کے پیچھے، دوسرے کوّے نے کھانے پینے کا سامان چوری کرلیا۔
ان واقعات سے یہی ثابت ہوتا ہے کہ کوّوں کی ذہانت ہمارے سابقہ اندازوں سے کہیں زیادہ ہے اور اگر وہ چوریاں کرنے پر آجائیں تو ایک منفرد انداز اختیار کرکے انسانوں کو حیران بھی کرسکتے ہیں۔