ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت سے ایک انوکھی خبر آئی ہے جہاں پر دلہا بارات لے کر پہنچا تاہم دلہن نے گٹکا چباتے دیکھ کر شادی سے ہی انکار کر دیا ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں شادی کی تقریب کے لیے تمام تیاریاں مکمل تھیں اور دلہن کے گھر والے بے تابی سے باراتیوں کے انتظار میں تھے۔باراتیوں کی آمد پر جہاں سب خوشی سے نہال ہوئے وہیں دلہن کا موڈ ہی خراب ہوگیا اور اس نے شادی رکوادی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شادی کے موقع پر جب دلہن کی دلہا پر نظر پڑی تو وہ گٹکا چبا رہا تھا جو اسے انتہائی ناگوار گزرا اور اس نے فوری طور پر شادی سے انکار کردیا، لڑکی کے گھر والے اسے راضی کرنے میں مصروف رہے لیکن لڑکی اپنی بات پر قائم رہی اور شادی روک دی گئی۔
بعدازاں لڑکے اور لڑکی والوں نے ایک دوسرے کو دیے جانے والے تحائف بھی واپس کردیے اور یوں بارات واپس لوٹ گئی۔