نئی دہلی: (ویب ڈیسک) اپنی جڑواں بیٹیوں کو کھو دینے والی خاتون کے دو سال بعد اسی تاریخ کو ماں نے دوبارہ جڑواں بیٹیوں کو جنم دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 15 ستمبر 2019ء کو کشتی حادثے میں اپالا راجو اور بھاگیا لکشمی کی جڑواں بیٹیاں انتقال کرگئی تھیں جس کے بعد انہیں دنیا اندھیر ہوتی دکھائی دی تاہم 15 ستمبر کو ہی خاتون ایک بار پھر دو بیٹیوں کی ماں بن گئیں۔ نوزائیدہ بالکل صحتمند اور تندرست ہیں جن کا وزن 1.6 اور 1.9 کلوگرام ہے۔
بھاگیا لکشمی اور ان کے شوہر نے گزشتہ برس بچوں کی پیدائش کیلئے فرٹیلٹی سینٹر سے رابطہ کیا تھا لیکن کووڈ کی وجہ سے وہ اس میں کامیاب نہ ہوسکے۔
مسلسل کوششوں کے بعد بالآخر قسمت ان پر مہربان ہوگئی اور رواں ماہ آئی وی ایف کے عمل کے ذریعے بھاگیا دو بچیوں کی پیدائش میں کامیاب ہوئیں۔
اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہمیں جڑواں بیٹیوں کی امید نہیں تھی لیکن یہ ہمارے لیے کسی بھی خوبصورت تحفے سے کم نہیں ہے۔