لاہور:(دنیا نیوز)کاہنہ کاچھا کے علاقہ میں اسسٹنٹ ڈرائیور نے انوکھی حرکت کی اورگاڑی روک کر دہی لینے چلا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔
گزشتہ روز لاہور ڈویژن میں کاہنہ کاچھا ریلوے سٹیشن کے قریب انجن نمبر 5217 کا اسسٹنٹ ڈرائیور ٹرین روک کر دہی لینے کے لیے بازار گیا۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ٹرین ڈرائیور رانا محمد شہزاد اور افتخار حسین اسسٹنٹ ڈرائیور کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
وزیر ریلوے اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات مستقبل میں بھی برداشت نہیں کیے جائیں گے،اگر آئندہ بھی کوئی ایسا واقعہ پیش آیاتواس کے خلاف بھی سخت ایکشن لیاجائے گا جبکہ پاکستان ریلوے قومی امانت ہے اس کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔