پیرو: (ویب ڈیسک) جنوبی امریکی ملک پیرو کے تین چوروں نے احمقانہ اور عجیب و غریب قسم کی چوری کی واردات پر مبنی تاریخ رقم کر ڈالی اور 220 مختلف برانڈز کے سپورٹس جوتوں کے صرف سیدھے پاؤں لیکر فرار ہوگئے۔
وسطی پیرو کے شہر ہوانان سایو کے سپورٹس سامان بیچنے والے سٹور میں 30 اپریل کی نصف شب واردات ہوئی۔
معلومات کے مطابق تین افراد سٹور کے عقب میں واقع راستے سے تالہ کاٹ کر سٹور میں داخل ہوئے اور تین بڑے کریٹس جو کہ مختلف برانڈ کے اسنیکر شوز باکس سے بھرے ہوئے تھے چرا کر لے گئے۔
احمق چور اپنی واردات کے وقت یہ اندازہ نہ لگا سکے کہ وہ جن جوتوں کے ڈبے چرا رہے ہیں وہ صرف سیدھے پاؤں کے اسنیکرز تھے۔
اس کی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ سٹور کے مالک نے ایک مقامی سپورٹس اشیاء کی نمائش میں ڈسپلے کیلئے صرف سیدھے پاؤں کے تین کریٹس تیار کئے تھے۔
حکام کو شبہ ہے کہ چور اب ان جوتوں کو کہیں چھپا دیں گے کیونکہ ان کیلئے جوتوں کو بلیک مارکیٹ میں دوسرے پیئر کے بغیر بیچنا ناممکن ہے۔