پیرس: (دنیا نیوز) جسمانی تبدیلی کے انوکھے جنون میں مبتلا شخص اپنے ہاتھوں کی انگلیاں کٹوانے اور جسم پر مختلف قسم کے ٹیٹو بنوانے کے بعد جسم میں 46 فیصد تبدیلی کر چکا ہے تاہم اب اس نے اپنی ایک ٹانگ کٹوانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
اینتھونی لوفریڈو عرف ’بلیک ایلیئن‘ نامی شخص دنیا بھر میں جسم پر کثرت سے ٹیٹو بنوانے اور جسمانی تبدیلیاں لانے کے حوالے سے مشہور ہے تاہم اب اس کے دل میں ایک خوفناک شوق پیدا ہوا ہے جس کے تحت وہ اپنی ایک ٹانگ کٹوا کر اس میں روبوٹک پاؤں لگوانا چاہتا ہے۔
ٹی وی چینل سے گفتگو میں اینتھونی لوفریڈو کا کہنا تھا کہ میں نے پورے بدن پر ٹیٹو بنوائے اور سیاہ خلائی مخلوق کا خطاب پایا ہے تاہم اب میں اپنے بدن کو بہت حد تک تبدیل کرنا چاہتا ہوں۔
قبل ازیں جب اینتھونی کا بدن ٹیٹوز سے بھر گیا اور مزید نقوش کیلئے جگہ نہ بچی تو اس نے آنکھوں کی سفیدی کو رنگین کر لیا تھا، پھر اس نے زبان کو قینچی کی مدد سے کٹ لگایا اور دونوں ہاتھوں کی آخری دو، دو انگلیاں بھی کٹوا دی تھیں۔
اینتھونی نے ایک جگہ بتایا کہ میں بہت خوش شکل تھا لیکن جسم سے مطمئین نہیں تھا، اپنے جسم کو اپنا نہیں سمجھتا تھا، اینتھونی کا یہاں تک بھی دعویٰ ہے کہ اس کے پاس مُردوں سے بات کرنے کی صلاحیت بھی ہے۔