لاہور: (ویب ڈیسک) مہنگی گاڑیاں رکھنے کے شوقین افراد اکثر ان کی حفاظت کیلئے فکرمند نظر آتے ہیں، اس مقصد کیلئے جدید سکیورٹی لاکس اور ٹریکر سسٹم نصب کیا جاتا ہے تاکہ انہیں چوری ہونے سے بچایا جاسکے۔
لیکن گاڑی کو صرف چوروں ڈکیتوں سے بچانا ہی کافی نہیں بلکہ انہیں مختلف قسم کے نقصانات سے بھی بچانا ہوتا ہے۔
اب یہ ضروری نہیں کہ قیمتی گاڑی رکھنے والے ہر شخص کے پاس ایک محفوظ گیراج ہو جہاں وہ گاڑی کھڑی کر سکے، ایک کمپنی نے ٹرانسپیرنٹ پلاسٹک کا کور بنا کر یہ مشکل بھی آسان کر دی ہے۔
پلاسٹک کا یہ بلبلہ نما کور اس قدر مضبوط ہے کہ اس پر بھاری سیڑھی، موٹے ٹائر، ہتھوڑے سمیت کئی اوزار اور وزنی اشیاء پھینکی جائیں تب بھی یہ پھٹے گا اور نہ ہی ٹوٹے گا۔
ٹوئٹر پر ایک 50 سیکنڈ کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں لال رنگ کی چمچماتی ہوئی فراری گاڑی کھڑی ہوئی ہے اور اس پر پلاسٹک کا یہ کور چڑھا ہوا ہے۔
ویئر ہاؤس میں موجود سامان اس کور پر زور سے مارا جا رہا ہے لیکن کور اپنی جگہ بالکل سالم ہے اور ذرہ برابر بھی کہیں سے نہیں پھٹا، اس ویڈیو کو اب تک 25 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔