نئی دہلی: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا کیخلاف 6 وکٹیں حاصل کرنے پر دہلی ٹریفک پولیس نے محمد سراج کو اوور سپیڈ چالان فری قرار دے دیا۔
ایشیا کپ کے فائنل میچ کے دوران سوشل میڈیا پر ہر کوئی لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹ کر رہا تھا اور مزے مزے کے کمنٹس کیے جا رہے تھے، اسی دوران دہلی ٹریفک پولیس کی ایک پوسٹ نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔
دہلی ٹریفک پولیس نے ٹویٹ کی کہ سراج کے لیے آج کوئی اوور اسپیڈ چالان نہیں ۔
یہ ٹویٹ محمد سراج کی تیز رفتار باؤلنگ کے تناظر میں کی گئی تھی جس نے سری لنکا کی بیٹنگ لائن کے پرخچے اُڑا دیئے تھے اور وہ کسی طور رکنے کا نام نہیں لے رہے تھے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میچ میں سری لنکا کیخلاف محمد سراج نے شاندار باؤلنگ تھی جنھوں نے صرف 16 گیندوں پر 5 وکٹیں حاصل کرکے کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین وکٹوں کا اعزاز حاصل کرلیا، محمد سراج نے اس میچ میں 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔