نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں لوگ بیٹی کی شادی پر باراتیوں سمیت تمام مہمانوں کو مہنگے تحائف دیتے ہیں لیکن حال ہی میں بھارتی شخص نے اپنی بیٹی کی شادی میں شریک مہمانوں کو ہیلمٹ کا تحفہ دے کر حیران کردیا۔
بھارتی ریاست چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والےسید یادو نے اپنی بیٹی کی شادی پر 60 کے قریب ہیلمٹ مہمانوں کو بطور تحفہ دیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے سید یادو نے مہمانوں کو ہیلمٹ کا تحفہ دیا ہے دوسری جانب سید یادو کی فیملی نے ہیلمٹ پہن کر شادی پر ڈانس بھی کیا۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے سید یادو نے کہا کہ میں نے اپنی بیٹی کی شادی کو روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی دینے کا بہترین موقع تصور کیا، اس دوران میں نے مہمانوں کو بتایا ہے کہ زندگی بہت قیمتی ہے۔
سید یادو نے بتایا کہ ہم نے تحفے کیساتھ ساتھ مہمانوں سے گزارش کی ہے کہ گاڑی چلاتے وقت شراب کا استعمال نہ کریں کیونکہ زیادہ تر سڑک حادثات اسی وجہ سے ہوتے ہیں۔