اترپردیش: (ویب ڈیسک) گوگل میپس پر اندھا بھروسہ کرنے والے سیاح بڑی مشکل میں پھنس گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 2 فرانسیسی سیاح اپنی سائیکلوں پر نیپال جانے کیلئے نکلنے تھے لیکن گوگل میپس پر اندھا بھروسہ انہیں بھارتی ریاست اتر پردیش کے گاؤں بریلی لے گیا۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ سیاحوں کو پیلی بھیت سے تانک پور کے راستے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو جانا تھا، گوگل میپس نے انہیں بریلی میں بہیری کے راستے ایک شارٹ کٹ راستہ تجویز کیا جس کی وجہ سے وہ گم ہوگئے اور چوریلی ڈیم تک پہنچ گئے۔
برائن جیکس گلبرٹ اور سیبسٹین فرانکوئس گیبریل نامی سیاحوں کو گاؤں میں دیہاتیوں نے رات 11 بجے ان کو سائیکل چلاتے ہوئے دیکھا تو وہ ان کی بولی نہیں سمجھ پائے اور سیاحوں کی حفاظت کیلئے انہیں چوریلی پولیس چوکی لے گئے۔
ان کی کہانی سننے کے بعد پولیس سائیکل سواروں کو گاؤں کے سربراہ کے گھر لے گئی تاکہ وہ رات گزار سکیں۔
جب سینئر پولیس افسر انوراگ آریہ کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا تو انہوں نے فرانسیسی سیاحوں سے ملاقات کی اور ان سے بات کی، اس کے بعد انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ان کی حفاظت کریں۔
اگلے روز پولیس نے دونوں کو صحیح راستہ تجویز کر کے اپنی منزل کی جانب روانہ کیا، وہ 7 جنوری کو پیرس سے دہلی کیلئے روانہ ہوئے تھے۔