خلاصہ
- بیجنگ: (ویب ڈیسک) مشرقی چین کے صوبے ژجیانگ کے علاقے تانیژو سے تعلق رکھنے والی 102 سالہ جن باؤ لینگ جو اپنے علاقے میں لمبی عمر اور خوش مزاج شخصیت کے باعث جانی جاتی ہیں۔
حیرت انگیز طور پر 102 سال کی عمر میں بھی جن باؤ لینگ ذہنی طور پر انتہائی مستعد ہیں اور جسمانی طور پر بھی ان کی صحت مثالی ہے، ان کے بیٹے ہو ہوامی کے مطابق گذشتہ 50 سال کے دوران انہیں کبھی ہسپتال جانے کی ضرورت نہیں پڑی۔
جن باؤ لینگ کی روزمرہ زندگی بھی دلچسپ ہے، وہ صبح تقریباً 9 بجے اٹھتی ہیں، نہانے کے بعد باغ میں سورج کی روشنی سے لطف اندوز ہوتی ہیں اور شام 7 بجے کے قریب سونے کے لیے جاتی ہیں، دن بھر وہ کئی مرتبہ کچھ منٹ کے لیے قیلولہ بھی کرتی ہیں، وہ مجموعی طور پر دن میں تقریباً 15 گھنٹے سوتی ہیں۔
ان کا کھانے پینے کا انداز بھی منفرد ہے، دوپہر اور رات کے کھانے میں وہ نوڈلز یا چاول کو ترجیح دیتی ہیں اور گوشت انہیں پسند ہے، ساتھ ہی کیک اور چائے بھی ان کی پسندیدہ خوراک ہے، جن میں براؤن چینی اور کھجوروں کا استعمال کیا جاتا ہے، روزانہ دو انڈے اور تین مالٹے بھی ان کی غذا کا حصہ ہیں، تاہم سبزیاں انہیں زیادہ پسند نہیں۔
اگرچہ اب ان کی ٹانگوں کے جوڑ کم لچکدار ہیں اور چلنے کے لیے مدد درکار ہے، لیکن ان کی بینائی شاندار ہے اور ہاتھ بالکل درست کام کرتے ہیں، یہاں تک کہ وہ اب بھی سلائی کر لیتی ہیں۔
جن باؤ لینگ کی مثال اس بات کی یاد دہانی کراتی ہے کہ صحت مند طرز زندگی اور خوش مزاج شخصیت لمبی عمر اور بہترین معیارِ زندگی کے لیے کس قدر اہم ہیں۔