مہنگی ترین طلاق، عدالت کا سابقہ بیوی کو 644 ملین ڈالر دینے کا حکم

مہنگی ترین طلاق، عدالت کا سابقہ بیوی کو 644 ملین ڈالر دینے کا حکم

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا کی سپریم کورٹ نے ارب پتی کاروباری شخصیت چی تے وون کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے طلاق کے تصفیے کی رقم کم کرکے 644 ملین ڈالر مقرر کی، اس سے قبل سیول ہائی کورٹ نے 2024 میں انہیں اپنی سابقہ بیوی کو 940 ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے خلاف انہوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ رو سو یونگ کو جوڑے کے مشترکہ ازدواجی اثاثوں کے تقریباً ایک تہائی کے برابر نقد رقم دی جائے، تاہم مجموعی ادائیگی کی رقم کو کم کرتے ہوئے 644 ملین ڈالر مقرر کیا گیا۔

مقامی میڈیا نے اس فیصلے کو گزشتہ 100 برسوں کی سب سے مہنگی طلاق قرار دیا ہے، تاہم قانونی ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ ابھی حتمی نہیں، کیونکہ دونوں فریق دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔

چی تے وون نے 1988 میں رو سو یونگ سے شادی کی تھی، رو سو یونگ جنوبی کوریا کے سابق صدر رو تے وو کی بیٹی ہیں، دونوں کے درمیان اختلافات کے بعد چی تے وون نے 2017 میں ثالثی کی کوشش ناکام ہونے پر عدالت میں طلاق کی درخواست دائر کی، جبکہ 2022 سے یہ مقدمہ مختلف عدالتوں میں زیر سماعت رہا۔