راجن پور میں بکری 18 لاکھ روپے میں فروخت، بھنگڑوں کے ساتھ رخصت

راجن پور میں بکری 18 لاکھ روپے میں فروخت، بھنگڑوں کے ساتھ رخصت

بکری کے فروخت کنندہ کے مطابق 15 کلو گرام وزنی شیری نسل کی یہ ٹیڈی بکری اپنی خوبصورتی، منفرد رنگت اور اعلیٰ نسل کی وجہ سے نایاب شمار ہوتی ہے، اسی لیے اس کی قیمت بھی غیر معمولی رکھی گئی۔

خریدار بکری لینے کے لیے اکیلے نہیں بلکہ درجنوں گاڑیوں پر مشتمل قافلے کے ساتھ پہنچے، اس موقع پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے، نوٹ نچھاور کیے گئے اور بکری کو خصوصی انداز میں سجا کر رخصت کیا گیا۔

تقریب میں شریک مہمانوں کی تواضع بیف قورمے اور میٹھے چاولوں سے کی گئی، جبکہ اس منفرد منظر کو دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد بھی موقع پر موجود رہی۔

سوشل میڈیا پر اس فروخت کے حوالے سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، کچھ صارفین اسے اعلیٰ نسل کے جانوروں سے شوق اور وابستگی قرار دے رہے ہیں، جبکہ بعض 18 لاکھ روپے کی قیمت پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں، تاہم اس منفرد فروخت نے علاقے میں خاصی توجہ حاصل کی ہے۔