سرکس کے دوران خاتون کا تیر شوہر کی گردن میں جا لگا

سرکس کے دوران خاتون کا تیر شوہر کی گردن میں جا لگا

پولیس کے مطابق یہ واقعہ اورنج کاؤنٹی فیئر کے مقام مڈل ٹاؤن میں پیش آیا، 42 سالہ آنا دازا تاویرا اور ان کے 38 سالہ شوہر ایڈون کیورو رانگل اپنے مشہور کراس بو شارپ شوٹنگ کے کرتب کا مظاہرہ کر رہے تھے، جس میں شوہر فوم کا ہدف تھامے کھڑے تھے، اسی دوران خاتون کا چلایا گیا تیر ہدف سے ہٹ کر شوہر کی گردن میں جا لگا۔

حادثے کے فوراً بعد زخمی فنکار کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں طبی امداد فراہم کی، ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے، جبکہ سرکس کا باقی شو اسی رات منسوخ کر دیا گیا۔

سرکس مرسیا کے رنگ ماسٹر بینجمن جیکسن نے بتایا کہ خوش قسمتی سے تیر گردن کے اس حصے میں لگا جہاں زیادہ تر نرم بافتیں موجود تھیں، جبکہ کوئی بڑی خون کی شریان متاثر نہیں ہوئی، تیر لگنے کے باوجود زیادہ خون نہیں بہا اور صرف معمولی خون نکلا، جیسا کہ کان چھدواتے وقت ہوتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی معلومات کے مطابق یہ ایک حادثاتی واقعہ تھا اور اس میں کسی مجرمانہ پہلو کے شواہد نہیں ملے۔