خلاصہ
- ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں منعقدہ بین الاقوامی سعودی فالکنز اینڈ ہنٹنگ نمائش کے افتتاحی نیلام میں منگولیا کے دو شکاری باز مجموعی طور پر 5 لاکھ 50 ہزار سعودی ریال میں فروخت ہوگئے۔
نیلامی میں کم عمر منگولین باز ایک لاکھ 50 ہزار ریال جبکہ بالغ باز 4 لاکھ سعودی ریال میں فروخت ہوا، نمائش میں مسلسل دوسری مرتبہ منگولین بازوں کیلئے خصوصی سیکشن قائم کیا گیا ہے، جہاں ان کی جسامت، مضبوط پروں اور طویل پرواز کی صلاحیت کے باعث سعودی فالکنرز کی جانب سے خاص دلچسپی دیکھی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق منگولین ساکر فالکن سخت موسمی حالات میں زندہ رہنے، تربیت کا بہتر ردعمل دینے اور شکار کے دوران غیر معمولی برداشت کی صلاحیت کے باعث انتہائی قیمتی سمجھے جاتے ہیں، بازوں کے پروں اور جسم کے رنگوں میں فرق بھی نیلامی کے دوران ان کی قیمت پر اثر انداز ہوتا ہے۔
نیلامی سے قبل شرکا کو بازوں کا قریب سے جائزہ لینے کا موقع بھی فراہم کیا گیا، جبکہ نمائش میں سعودی عرب سمیت مختلف ممالک سے فالکنری کے شوقین افراد اور ماہرین شریک ہوئے، سعودی عرب اور منگولیا کے درمیان بازوں کی تجارت کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔