ڈونلڈ ٹرمپ: پیدائش سے وائٹ ہاؤس تک

Published On 09 Nov 2016 04:40 PM 

ری پبلکن پارٹی کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سیاست سے زیادہ عمر بزنس کرتے گزاری ہے۔

واشنگٹن: (دنیا نیوز) ڈونلڈ ٹرمپ 14 جون 1946ء نیویارک کے علاقے کوئنز میں پیدا ہوئے۔ 13 سال کی عمر میں انہیں نیویارک ملٹری اکیڈمی بھیجا گیا جہاں وہ نصابی اور غیرنصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سٹوڈنٹ پالٹکس کا حصہ بھی بنے۔ ٹرمپ نے 1968ء میں یونیورسٹی آف پینسلوینیا سے اکنامکس میں گریجوایشن کی۔

بزنس ٹائیکون فریڈ ٹرمپ کے بیٹے ڈونلڈ نے والد کے قرض سے ہی ذاتی کاروبار شروع کیا۔ 1971ء میں خاندانی کمپنی کا کنٹرول حاصل کیا اوراُس کا نام بدل کر ٹرمپ آرگنائزیشن رکھا۔

انہوں نے اپنے ہوٹلز، کسینوز اور تعمیراتی پروجیکٹس کے ذریعے ملک گیر شہرت حاصل کی۔ 70 سالہ ٹرمپ کے مطابق، ان کے اثاثے 10 بلین ڈالر سے زائد کے ہیں۔ ٹرمپ کی پہلی دو شادیاں ناکام رہیں۔ سابق ماڈل میلانیا کناس سے ٹرمپ نے 2005ء میں تیسری شادی کی۔

ٹرمپ شوبز انڈسٹری اور میڈیا سے بھی کافی جڑے رہے۔ انہوں نے مشہور ٹی وی سیریز دی اپرنٹس کے 14 سیزنز کو ہوسٹ کیا اور متعدد کتابیں بھی لکھیں۔ 1987ء میں پہلی بار ٹرمپ نے صدارتی انتخاب لڑنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ 2000ء میں انہوں نے ریفارم پارٹی کا صدارتی امیدوار بننے کی کوشش کی۔

2008ء میں ٹرمپ ایک بار پھر اس وقت توجہ کا مرکز بنے جب انہوں نے صدارتی امیدوار اوباما کی جائے پیدائش امریکا کے بجائے کینیا کو قرار دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے جون 2015ء میں ری پبلکن پارٹی کے ٹکٹ پر صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کیا اور حریفوں کو مات دیتے ہوئے پارٹی نامزدگی حاصل کر لی۔

پے در پے سکینڈلز، متنازعہ اور نفرت انگیز بیانات ٹرمپ کی انتخابی مہم پر پوری طرح چھائے رہے۔