ٹکٹوں کی تقسیم کے خلاف کھلاڑیوں کا دھرنا چوتھے روز میں داخل

Last Updated On 20 June,2018 11:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ٹکٹوں کی تقسیم پر دہائی اور لوٹوں کی پٹائی، بنی گالہ کے باہر پی ٹی آئی کا فٹبال میچ، دھرنے کا چوتھا روز، حامد خان کی زیر قیادت لاہوریوں نے بھی احتجاج کا فیصلہ کرلیا، کل اسلام آباد پہنچنے کا امکان ، ناراض کھلاڑیوں کی تعداد بڑھنے لگی۔

ٹکٹوں کی تقسیم تحریک انصاف کے لیے درد سر بن گئی۔ بٹگرام اور کرک کے ناراض رہنماء بھی کارکنان کے ہمراہ بنی گالہ پہنچ گئے۔ دھرنے کے تیسرے روز بھی کارکنان دن بھر مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ آئے ہیں تو ٹکٹ لے کر ہی جائیں گے۔

بنی گالہ میں اس وقت این 154 ملتان، این اے 12 بٹگرام، پی کے 29 بٹگرام اور پی کے 86 کرک کے کارکنان اور رہنماء موجود ہیں۔ کارکنان کا مطالبہ ہے کہ ملتان سے سکندر بوسن کو پارٹی میں شامل کرنے کے بجائے ملک احمد ڈیہڑ جبکہ پی کے 86 کرک میں ملک قاسم خان سے ٹکٹ لے کر حاجی منصور خٹک کو دیا جائے۔

ملک احمد ڈیہڑ کی رات گئے عمران خان سے بھی ملاقات ہوئی لیکن وہ دھرنا ختم کرنے پر راضی نہ ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکنان ٹکٹ ملے بغیر واپس جانے کے لیے تیار نہیں۔ دوسری طرف انتظامیہ نے عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر رکھی ہے۔