الیکشن کمیشن کا 21 ہزار امیدواروں کی تفصیلات ویب سائٹ پر ڈالنے کا فیصلہ

Last Updated On 20 June,2018 11:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے تمام امیدواروں کی تفصیلات عام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کیلئے ریٹرننگ افسران سے امیدواروں کے حلف نامے اور اثاثوں کی تفصیلات پر مبنی فارم بی طلب کر لیے گئے ہیں۔

عام انتخابات 2018 کیلئے الیکشن کمیشن کا بڑا اقدام، 21 ہزار امیدواروں کی تفصیلات ویب سائٹ پر ڈالنے کا فیصلہ، ووٹرز کو اپنے نمائندے کے اثاثوں سمیت دیگر معلومات تک رسائی ممکن ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے21 ہزارامیدواروں کے حلف نامے اور اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر شائع کی جائیں گی۔ ریٹرننگ افسران نے امیدواروں کی تفصلات الیکشن کمیشن کو فراہم کرنا شروع کردی ہیں۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق تفصیلات شائع کرنے سے انتخابی عمل مزید شفاف ہوگا۔ واضح رہے کہ سیاستدانوں کے شدید تحفظات کے بعد الیکشن کمیشن نے 2013 کے امیدواروں کی تفصیلات ویب سائٹ سے ہٹا دی تھیں۔