سابق کپتان معین خان کے انتقال کی خبریں جھوٹی نکلیں

Published On 02 December,2025 03:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق کپتان معین خان بھی فیک نیوز کا شکار ہو گئے، ان کے انتقال کی خبریں جھوٹی نکلیں۔

خبر سب سے پہلے دینے کی دوڑ نے اس سنگین غلط فہمی کو جنم دیا جس کے باعث دنیا بھر میں معین خان کے اہلخانہ، دوستوں اور مداحوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

حیدرآباد کے سینئر کرکٹر معین خان راجپوت کے انتقال کی خبر کے ساتھ غلطی سے 1992 ورلڈ کپ فاتح معین خان کی تصویر وائرل کر دی گئی، حقیقت یہ ہے کہ انتقال کرنے والے 65 سالہ معین خان راجپوت سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور محبوب سپورٹس کرکٹ کلب کے کپتان تھے جبکہ سابق ٹیسٹ کپتان معین خان بخیریت ہیں۔

معین خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بغیر تصدیق کے خبر چلانے سے انہیں سخت کوفت ہوئی اور سینکڑوں کالز و پیغامات موصول ہوئے۔

ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی خبر کو نشر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضروری ہے ورنہ متعلقہ افراد کو اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، سابق کپتان نے اپنے ہم نام کرکٹر کے انتقال پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔