اسلام آباد:(دنیا نیوز) حکومت نے فیک نیوز،ڈس انفارمیشن اور گمراہ کن پروپیگنڈے کا توڑ کرنے کیلئے سرکاری افسران کی تربیت شروع کر دی ہے ، بیس وفاقی وزارتوں کے افسران کی نیشنل سائبرایمرجنسی رسپانس ٹیم اورماہرین کے ساتھ ٹریننگ ورکشاپ مکمل ہوگئی ۔
حکومت نے قومی معلومات اور قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے قومی سطح پر مزاحمت کو مضبوط بنانے کے فیصلے پر عملدرآمد شروع کردیا ۔ نیشنل سرٹ کے زیراہتمام تربیتی ورکشاپ میں سرکاری افسران کو معلومات کے تحفظ اور مخالفانہ معلوماتی خطرات کے دفاع کی حکمت عملی سے آگاہ کیاگیا ۔
نیشنل سرٹ کے ڈائریکٹر کیپیسٹی بلڈنگ خرم جاوید اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹریننگز عمران حیدر اور سٹریٹجک کمیونیکیشن حبیب اللہ خان نے ریاستی سطح پر سوشل میڈیا کے بطور ہتھیار استعمال کرنے کے بارے تربیت فراہم کی ۔
موثر ریاستی بیانیہ کی تشکیل اور مخالفانہ معلوماتی کارروائیوں کے مقابلہ کے لیے اسٹریٹجک بیانیہ تشکیل دینے میں مہارت سے متعلق بھی سیشن ہوا ۔ ڈیجیٹل دنیا میں بیانیے کی ہیرا پھیری سے بھی سرکاری افسران کو روشناس کیا گیا ۔
شرکاء نے معلومات کے تحفظ، نیریٹو وارفیئر اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے سٹریٹجک استعمال سے متعلق چیلنجوں کا جائزہ لیا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان مخالف بیانیہ اور سوشل میڈیا مہم کا توڑ یقینی بنایا جائے گا ۔




























































