اب اپنی اصل عمر کی نظر آنے لگی ہوں: عینا آصف

Published On 09 January,2026 09:50 am

لاہور: (دنیا نیوز) شوبز انڈسٹری کی معروف نوجوان اداکارہ عینا آصف نے اپنی عمر اور ذاتی زندگی سے متعلق لب کشائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وہ اپنی اصل عمر کی نظر آنے لگی ہیں۔

ڈرامہ سیریل مائی رے میں شاندار اداکاری سے شہرت حاصل کرنے والی عینا آصف نے حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اب جب ان کی عمر 17 سال ہوچکی ہے تو وہ خود کو اپنی عمر کی محسوس کرتی ہیں تاہم ماضی میں انہیں لگتا تھا کہ وہ اپنی عمر سے زیادہ بڑی دکھائی دیتی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ بچپن میں جب وہ اپنے ہم عمر بچوں کے ساتھ بیٹھتی تھیں تو انہیں محسوس ہوتا تھا کہ وہ اپنی عمر کی نہیں لگتیں اگرچہ وہ 2011 سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں، اس کے باوجود لوگ انہیں سنجیدگی سے نہیں لیتے جو ان کے لیے مایوس کن ہے۔

عینا آصف نے اپنی والدہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ان کے کیریئر اور ذاتی زندگی میں بھرپور سپورٹ فراہم کی ہے، انٹرویو میں عینا آصف نے سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک پوسٹ میں ان کا موازنہ ایک کارٹون کیریکٹر سے کیا گیا جو بظاہر اچھا تھا لیکن بعد میں انہیں احساس ہوا کہ یہ ان کی تضحیک کی جارہی ہے، زیادہ تر کمنٹس میں ان کا مذاق اڑایا گیا۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ لوگ یہ نہیں دیکھتے کہ وہ کم عمر ہیں بس منفی تبصرے کرنا شروع کر دیتے ہیں جو ذہنی طور پر تکلیف دہ ہوتا ہے۔