اسلام آباد:(دنیا نیوز) حکومت نے ملک میں تیل کی ترسیل کو ٹرانسپورٹ کے بجائے پائپ لائن کے ذریعے منتقل کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے، جس پر عملدرآمد سے ترسیلی اخراجات میں کمی اور صارفین کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے پٹرولیم سیکٹر کی کارکردگی پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت ملک میں ڈیزل کی سپلائی 100 فیصد ٹرانسپورٹ کے ذریعے ہو رہی ہے، جبکہ پیٹرول کی سپلائی کا تقریباً 60 فیصد حصہ ٹرانسپورٹ پر انحصار کرتا ہے، پائپ لائن منصوبے سے لاگت میں کمی آئے گی اور نظام زیادہ مؤثر ہوگا۔
پٹرولیم ڈویژن کے مطابق منصوبے کے پہلے مرحلے میں فیصل آباد سے ٹھلیاں تک پائپ لائن بچھائی جائے گی، غیرقانونی آئل سپلائی چین کی روک تھام کے لیے ٹریکر سسٹم پر عملدرآمد بھی شروع کر دیا گیا ہے، اصلاحاتی ایجنڈے کے نتیجے میں گیس کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے اور گیس سیکٹر کے گردشی قرض کے فلو کو زیرو کر دیا گیا ہے۔


























































