اسلام آباد:(دنیا نیوز) ایچ بی ایف سی ایل کے 51 فیصد حصص کی نیلامی دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
وزیر اعظم کے مشیرنجکاری محمد علی کی زیر صدارت نجکاری کمیشن بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں بورڈ کی ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی کی نجکاری کا موجودہ عمل ختم کرنے کی سفارش کی گئی ۔
نجکاری کمیشن بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ ایچ بی ایف سی ایل کے 51 فیصد حصص کی نیلامی دوبارہ شروع کیا جائے گا، پی ایم آر سی ایل کی 4.2 ارب کی بولی مسترد کردی جس کی ریفرنس قیمت 13.55 ارب تھی،
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ روزویلٹ ہوٹل نیویارک کی نجکاری کیلئے فنانشل ایڈوائزر کا عمل منسوخ کردیا گیا، بورڈ نے روزویلٹ ہوٹل کیلئے نئے سرے سے اظہارِ دلچسپی طلب کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اِسی طرح بورڈ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نجکاری پروگرام میں شامل کرنے کی سفارش کی اور نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کیلئے کنسیشن ماڈل اپنانے ،ایئرپورٹ نجکاری میں جی ٹو جی ماڈل مسترد کرکے اوپن بولی کا راستہ اپنانے کا فیصلہ کیا۔
دوسری جانب بورڈ نے ایشیائی ترقیاتی بینک سے فنانشل ایڈوائزر کی تقرری پر مذاکرات کی منظوری دی جب کہ حیسکو اور سیپکو کی نجکاری کیلئے ٹرانزیکشن کمیٹی قائم کردی۔



