منسک: (ویب ڈیسک) بیلاروس سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے 20 ہزار فٹ سے زائد بلندی سے ہیلی کاپٹر جمپ لگا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر لیا۔
اولگا نومووا نے نیپال کے علاقے سیانگ بوچے میں ہیلی کاپٹر سے اسکی سرفنگ جمپ لگاتے ہوئے دنیا کا بلند ترین اسکی سرف جمپ کرنے کا اعزاز حاصل کیا، انہوں نے 20 ہزار 945 فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگائی جو اب تک کی بلند ترین ریکارڈ شدہ اسکی سرف جمپ ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق اولگا نومووا نے چھلانگ کے دوران 12 ہزار 356 فٹ کی بلندی تک اپنے اسکی بورڈ پر مکمل کنٹرول برقرار رکھا جس کے بعد انہوں نے پیراشوٹ کھول کر بحفاظت زمین پر لینڈنگ کی۔
اولگا نومووا گزشتہ 15 برسوں سے اسکی سرفنگ سے وابستہ ہیں، گنیز ورلڈ ریکارڈ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اسکی سرفنگ دریافت کرنے کے بعد سے ہی ان کا خواب تھا کہ وہ کوئی منفرد اور غیرمعمولی اسکا ڈائیو انجام دیں۔



