بھارت میں سیریل کلر ہاتھی سامنے آ گیا، علاقے میں الرٹ جاری

Published On 13 January,2026 06:20 pm

جھاڑ کھنڈ :(دنیا نیوز) مشرقی بھارت کی ریاست جھاڑ کھنڈ میں ایک بپھرے ہوئے مست ہاتھی کے حملوں کے نتیجے میں جنوری کے پہلے 9 دنوں کے دوران کم از کم 20 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ اس دوران 2 دن ایسے بھی گزرے جن میں اس ہاتھی نے 13 افراد کو ہلاک کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ ہاتھی ایک تنہا نر ہے جو اپنے جھنڈ سے بچھڑ چکا ہے اور جنگلاتی علاقوں سے ملحقہ دیہات میں رات کے وقت حملے کر رہا ہے جس کے باعث مقامی آبادی شدید خوف و ہراس کا شکار ہے۔

جھاڑ کھنڈ اور ہمسایہ ریاستوں سے تعلق رکھنے والی خصوصی وائلڈ لائف ٹیموں کو مشترکہ سرچ آپریشن کے لیے تعینات کیا گیا ہے، تاہم اب تک ہاتھی کو پکڑنے یا بے ہوش کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکیں، ہاتھی کی ریاستی سرحدیں عبور کرنے اور گھنے جنگلات میں غائب ہو جانے کی صلاحیت کے باعث اسے ٹریک کرنا انتہائی مشکل ثابت ہو رہا ہے۔

تازہ ہلاکتیں 12 جنوری کو رپورٹ ہوئیں جب 2 افراد ہاتھی کے حملے میں مارے گئے جس کے بعد وہ ہمسایہ ریاست اوڈیشہ کے علاقوں میں داخل ہو گیا۔

صورتحال کے پیش نظر جنگلاتی حکام نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور نگرانی، ہجوم کو کنٹرول کرنے اور ہنگامی ردعمل کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس قائم کر دی گئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہاتھی ممکنہ طور پر مست ہے، یہ ایک ایسی حالت ہے جو نر ہاتھیوں میں ہارمونز کی ایک قدرتی کیفیت ہوتی ہے اور اس دوران ان میں شدید جارحیت پیدا ہو سکتی ہے۔