واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا پر متوقع دوسری فوجی حملے کی لہر کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔
امریکی صدر نے کہا کہ وینزویلا کی جانب سے تعاون کے بعد انہوں نے جنوبی امریکی ملک پر متوقع حملوں کی دوسری لہر منسوخ کر دی ہے، امریکا اور وینزویلا کے درمیان معاملات بہتر انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تیل کی بڑی کمپنیوں کی جانب سے وینزویلا میں تقریباً 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بھی ہے، جن سے وہ آج وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔
تاہم صدر ٹرمپ نے یہ بھی واضح کیا کہ وینزویلا میں موجود تمام آئل ٹینکرز حفاظتی اور سیکیورٹی مقاصد کے تحت اپنی جگہ پر ہی رہیں گے۔
قبل ازیں نیویارک ٹائمز کو دیے گئے انٹروہو میں صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ ان کے فیصلے بین الاقوامی قوانین سے محدود نہیں ہیں، امریکا کی قومی سلامتی اور مفادات کے تحفظ کے لیے وہ کسی بھی ملک میں کارروائی کرنے کے لیے آزاد ہیں، میری اپنی اخلاقیات، میرا اپنا فیصلہ ہے یہی وہ چیز ہے جو مجھے روکتی ہے۔



