سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے پنجاب میں براڈ بینڈ فراہمی کا فیصلہ

Published On 09 January,2026 08:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے پنجاب میں براڈ بینڈ فراہمی کا فیصلہ کر لیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سیٹلائیٹ براڈ بینڈ سے متعلق اہم اجلاس وزیراعلیٰ آفس میں ہوا، اجلاس کی صدارت سینئر مشیر سینیٹر انوشہ رحمان نے کی۔

اجلاس میں پنجاب کو سیٹلائیٹ بیم کے ذریعے تیز ترین براڈ بینڈ فراہم کرنے پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں ایم ڈی این ٹی سی، ڈی جی سپارکو اور سیکرٹری آئی ٹی پنجاب نے شرکت کی۔

دور دراز علاقوں میں تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کو براڈ بینڈ کی سہولت دی جائے گی، اس سلسلہ میں پاکستان کی اپنی جدید سیٹلائٹ ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پنجاب قومی سیٹلائٹ سے براڈ بینڈ حاصل کرنے والا پہلا صوبہ ہوگا، شمالی و جنوبی پنجاب میں دو ہفتوں میں ڈیمو سٹیشن قائم ہوں گے۔

6 ماہ میں پنجاب کے دور دراز علاقوں میں سیٹلائٹ کے ذریعے براڈ بینڈ فراہمی کا ہدف رکھا گیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب صوبہ بھر کے عوام کو جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میسر کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔