لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے داماک گروپ کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے عالمی سطح پر معروف داماک گروپ کے اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت داماک گروپ کی سی ای او امیرا حسین سجوانی اور منیجنگ ڈائریکٹر علی حسین سجوانی نے کی۔
مریم نواز شریف نے داماک گروپ کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ وفد نے شاندار اور پروقار خیرمقدم پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے داماک گروپ کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی باضابطہ دعوت دی، اس موقع پر حکومتی اور تجارتی اثاثوں کی ٹوکنائزیشن کے عمل کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ مختلف شعبوں میں سٹریٹجک سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں نواز شریف آئی ٹی سٹی میں تجارتی اثاثوں کی پائلٹ ٹوکنائزیشن کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا، داماک گروپ کے وفد نے پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ڈیجیٹل اثاثہ جات میں جدت اپنانے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو ڈیجیٹل اثاثہ جات اور نئی ٹیکنالوجی میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کا گیٹ وے بنایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب آئی ٹی برآمدات میں 65 فیصد شیئر کے ساتھ پاکستان کی سب سے بڑی آئی ٹی اور ڈیجیٹل اکانومی ہے، پنجاب میں ہر سال 25 ہزار سے زائد آئی ٹی گریجویٹس ایک مضبوط افرادی قوت کے طور پر مارکیٹ میں آ رہے ہیں، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ ابھرتے ہوئے متحرک ٹیکنالوجی ہب بن چکے ہیں۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ پاکستان کو دنیا بھر میں آئی ٹی اور ڈیجیٹل انوویشن کا ایک ابھرتا ہوا مرکز بنایا جائے، پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے بہترین اور موزوں وقت آ چکا ہے اور یہ صوبہ نوجوانوں کیلئے وسیع تر مواقع کی سرزمین ہے۔
اس موقع پر سی بی ڈی پنجاب کے سی ای او عمران امین نے سی بی ڈی قائد ڈسٹرکٹ ماسٹر پلان، سیریس ٹاور، فائیو سٹار ہاسپیٹیلٹی ٹاور، ہائپر ریٹیل مال اور دیگر منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سی بی ڈی پنجاب اور روڈا میں ٹوکنائزیشن کے بے شمار مواقع موجود ہیں جبکہ سی بی ڈی پنجاب اور نواز شریف آئی ٹی سٹی صوبے کی معاشی ترقی میں کلیدی اور متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔



