مریم نواز ہونہار سکالرشپ کے طلبہ مشکلات کا شکار، تعلیمی مستقبل خطرے میں

Published On 09 January,2026 12:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز ہونہار سکالرشپ پروگرام کے تحت مستفید ہونے والے طلبہ شدید مشکلات کا شکار ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق فیس جمع کرانے کی آخری تاریخ قریب آ چکی ہے جبکہ متعدد جامعات نے فیس کی عدم ادائیگی پر طلبہ کو وارننگ دینا شروع کر دی ہے، پنجاب بھر کے 100 ہائر ایجوکیشن اداروں میں زیر تعلیم تقریباً 85 ہزار طلبہ اس سکالرشپ پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں تاہم قسط میں تاخیر نے طلبہ اور ان کے اہل خانہ کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (پی ایچ ای سی) ڈاکٹر اقرار نے انکشاف کیا ہے کہ سکالرشپ کی تاخیر کی بڑی وجہ جامعات کی جانب سے رزلٹ انوائس ارسال نہ کیا جانا ہے،100 میں سے صرف 25 تعلیمی اداروں نے اب تک اپنی انوائسز جمع کروائی ہیں جبکہ باقی اداروں کی جانب سے مطلوبہ دستاویزات موصول نہیں ہو سکیں۔

ڈاکٹر اقرار کے مطابق جب تک جامعات کی جانب سے انوائس موصول نہیں ہوتیں، سکالرشپس جاری کرنا ممکن نہیں، تعلیمی اداروں کو انوائس جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دے دی گئی ہے تاہم اگر مقررہ مدت میں انوائس موصول نہ ہوئیں تو سکالرشپس منسوخ کر دی جائیں گی۔

مزید برآں چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن نے جامعات کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ذمہ دار اداروں کے خلاف کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔