مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں معاشی شرح نمو 3.71 فیصد ریکارڈ: ادارہ شماریات

Published On 30 December,2025 10:54 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) مالی سال 26-2025 کی پہلی سہ ماہی میں معاشی شرح نمو 3.71 فیصد ریکارڈ رہا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 26-2025 کی پہلی سہ ماہی اور مالی سال 25-2024 کے اکاؤنٹس منظور ہوئے، نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی سے نظرثانی شدہ قومی کھاتوں کی منظوری دے دی گئی۔

دستاویز میں بتایا گیا کہ مالی سال 25-2024 میں جی ڈی پی کی نظرثانی شدہ شرحِ نمو 3.09 فیصد مقرر کی گئی، جولائی سے ستمبر زرعی شعبے میں گروتھ 2.89 فیصد، صنعتی شعبے میں 9.38 فیصد ، اِسی عرصہ کے دوران خدمات کے شعبے میں گروتھ 2.35 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔

ادارہ شماریات کے اعداد وشمار میں کہا گیا کہ صنعت اور خدمات کے شعبوں میں بہتری کے باعث شرح نمو میں اضافہ ہوا، صنعتی شعبے میں بھی گزشتہ مالی سال کی نسبت نمایاں بحالی دیکھنے میں آئی ہے، آٹو موبیلز، فوڈ اور ٹرانسپورٹ آلات کی پیداوار میں نمایاں بہتری ریکارڈ ہوئی ہے۔

رپورٹ میں کہنا تھا کہ بجلی، گیس اور پانی کے شعبے میں 25 فیصد سے زیادہ گروتھ ریکارڈ ہوئی ہے، سیمنٹ کی پیداوار میں اضافے سے تعمیرات کے شعبے میں مثبت رجحان،خدمات کے شعبے میں تجارت اور ٹرانسپورٹ میں بھی اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

دستاویز میں کہا گیا کہ پہلی سہ ماہی کے دوران آئی ٹی اور کمیونیکیشن سیکٹر میں منفی شرح نمو ریکارڈ ہوئی،پاکستان کی معیشت کا حجم 407.9 ارب ڈالر اور فی کس آمدن 5 لاکھ 6 ہزار 736 روپے رہی،بجٹ میں جی ڈی پی سائز کا تخمینہ 1 لاکھ چودہ ہزار 6 سو ارب روپے سے زائد لگایا گیا تھا۔