تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا ہے کہ وہ ایران کے معاملات پر نظر رکھنے کے بجائے اپنے ملک کے مسائل پر توجہ دیں۔
آیت اللہ خامنہ ای نے مظاہرین پر الزام عائد کیا کہ وہ ٹرمپ کی ایما پر کام کر رہے ہیں، اور کہا کہ شرپسند عناصر سرکاری املاک کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر ملکی طاقتوں کے ایجنٹ بن کر کام کرنے والوں کو تہران برداشت نہیں کرے گا۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ٹرمپ کے ہاتھ ایک ہزار سے زائد ایرانیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور پیش گوئی کی کہ متکبر امریکی صدر کا انجام بھی اس شاہی خاندان جیسا ہوگا جو 1979 کے انقلاب سے قبل ایران پر حکمران تھا۔
اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکا ایران کی صورتحال پر بہت گہری نظر رکھے ہوئے ہے، اگر ایران میں ماضی کی طرح لوگوں کو قتل کیا گیا تو امریکا سخت ردعمل دے گا۔
واضح رہے کہ ایران میں معاشی بحران کے خلاف ملک گیر مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، 28 دسمبر سے جاری مظاہروں میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت 45 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ ایران میں احتجاج کے دوران ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس کو بھی مکمل طور پر بند رکھا گیا ہے۔



