ایلون مسک کی ایران میں انٹرنیٹ مفت فراہم کرنے کی پیشکش

Published On 14 January,2026 04:04 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) ایلون مسک نے ایران میں انٹرنیٹ مفت فراہم کرنے کی پیشکش کر دی۔

ٹیکنالوجی کے شعبے کی معروف شخصیت اور سپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے ایران میں انٹرنیٹ تک آزاد رسائی کے لیے اہم پیشکش کرتے ہوئے سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس اسٹارلنک مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، اس اقدام کا مقصد ایرانی عوام کو معلومات تک بلا روک ٹوک رسائی دینا اور سرکاری پابندیوں کے باعث پیدا ہونے والے ڈیجیٹل خلا کو کم کرنا بتایا جا رہا ہے۔

سپیس ایکس کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق اسٹارلنک کی رکنیت فیس بھی معاف کر دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ایرانی شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں، خبر ایجنسیوں کے مطابق ایران میں بعض شہری پہلے ہی اسٹارلنک کے ذریعے انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں، تاہم یہ سروس سرکاری سطح پر منظور شدہ نہیں ہے۔

ایرانی حکام کی جانب سے سیٹلائٹ انٹرنیٹ آلات کے خلاف کارروائیاں بھی کی گئی ہیں، جن کے دوران اسٹارلنک سے متعلق آلات کی ایک کھیپ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی حکام کا مؤقف ہے کہ غیر مجاز سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز ملکی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں، اسی لئے اسٹارلنک انٹرنیٹ سروس کو باضابطہ طور پر بند کر رکھا گیا ہے۔