محبت اور شادی کے نام پر لڑکیوں کو آسانی سے دھوکا دیا جاتا ہے، بشریٰ انصاری

Published On 08 January,2026 01:17 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اور ہمہ جہت اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ عام طور پر لڑکیاں اس خیال سے ہی خوش ہو جاتی ہیں کہ کوئی ان سے محبت کرتا ہے، جس کے باعث وہ جلد محبت میں مبتلا ہو جاتی ہیں اور دھوکے کا شکار ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

حال ہی میں اپنے یوٹیوب وی لاگ میں بشریٰ انصاری نے نوجوان لڑکیوں اور خواتین کو شادی کے رشتوں کے نام پر دیے جانے والے دھوکوں پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ رجحان نہ صرف ہمارے معاشرے بلکہ بھارتی اور انگریزی فلموں میں بھی واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی کوئی لڑکا شادی کی پیشکش کرتا ہے، لڑکی خوشی سے حیران رہ جاتی ہے۔

بشریٰ انصاری کے مطابق اگر لڑکا انگوٹھی دے دے تو بعض لڑکیوں کی خوشی کی انتہا نہیں رہتی حالانکہ صرف شادی کی پیشکش کو زندگی کی سب سے بڑی کامیابی سمجھنا درست نہیں، انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر لڑکیوں میں یہ ذہنیت کیوں پروان چڑھتی ہے کہ محض رشتہ آ جانا ہی سب کچھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں لڑکیوں کو اس انداز سے پالا جاتا ہے کہ شادی کی پیشکش مل جانا ہی ان کی زندگی کا مقصد بن جاتا ہے جیسے وہ کسی پر بوجھ ہوں اور کسی نے انہیں قبول کر لیا ہو۔

بشریٰ انصاری نے زور دیا کہ لڑکیوں کو چاہیے کہ وہ شادی کے فیصلے میں مردوں کے کردار، عادات اور اخلاقیات کو پرکھیں مگر افسوس کہ رشتہ آتے ہی کئی اہم پہلو نظر انداز کر دیے جاتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ بغاوت کی ترغیب نہیں دے رہیں بلکہ صرف یہ چاہتی ہیں کہ لڑکیاں ہوش مندی سے فیصلے کریں اور زیادہ محتاط رہیں کیونکہ محض یہ سوچ کہ ’اس میں کئی خرابیاں ہیں مگر اس نے مجھے رشتہ تو دیا ہے‘ ایک خطرناک اور تشویشناک رویہ ہے۔