حالات مناسب ہوئے تو صدر حسن روحانی سے ملاقات ہو سکتی ہے: ٹرمپ

Last Updated On 27 August,2019 09:31 am

پیرس: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے حالات مناسب ہوئے تو ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات ہو سکتی ہے تاہم اس کیلئے کچھ شرائط عائد کی جائیں گی.

جی سیون کے سربراہ اجلاس کے اختتام پر فرانسیسی صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایرانی ہم منصب سے ملاقات کچھ شرائط پر ہو سکتی ہے۔ حالیہ ہفتوں میں ایرانی صدر سے ملنے کا اچھا موقع ہو گا۔

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ نئے جوہری معاہدے کے لیے پر امید ہیں جو 10 سال سے زائد عرصے تک محیط ہو گا۔ اس معاہدے کے ذریعے ایران کے جوہری اور بیلسٹک میزائل تجربوں پر پابندیاں لگائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم عظیم ہو سکتی ہے لیکن ان کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہو سکتے۔ ادھر ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ وہ کسی بھی ملاقات کے لیے تیار ہیں جس سے ایران کو فائدہ ہو۔


 

Advertisement