جوزف بائیڈن اور اہلیہ جل بائیڈن کی مسلمانوں کو رمضان المبارک کی مبارکباد

Published On 13 April,2021 04:39 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جوزف بائیڈن اور ان کی اہلیہ جل بائیڈن نے مسلمانوں کو ماہ رمضان کی آمد پر مبارکباد دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں امریکی صدر جوبائیڈن اور ان کی اہلیہ جل بائیڈن نے مسلمانوں کو ماہ رمضان کی آمد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں اور میری اہلیہ امریکا سمیت پوری دنیا میں رہنے والے مسلمانوں کو رمضان کریم کی آمد پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا میں رہائش پذیر مسلمان اپنا پہلا روزہ آج سے افطار کریں گے تاہم ہمیں اس بات کو ضرور یاد رکھنا چاہیے کہ یہ سال کس قدر مشکل رہا ہے، وبا کے باعث ہم اپنے دوستوں اور پیاروں کے ساتھ ایک ساتھ کوئی خوشی یا عبادت نہیں مناسکتے جب کہ بہت سے خاندان اپنے پیاروں کی بغیر اس سال روزہ افطار کریں گے تاہم ان سب کے باوجود مسلمان برادری اس ماہ مقدس کو نئی امیدوں کے ساتھ شروع کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی وزیر خارجہ کی دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان المبارک کی مبارکباد

اس سے قبل گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے دنیا بھر کے تمام مسلمانوں کو رمضان المبارک کی آمد پر مبارکباد دی تھی۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ٹویٹر پر ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ رمضان المبارک کی آمد پر امریکی اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وبا کے دنوں میں امریکی مسلمان فرنٹ لائن پر کام کرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے انسانیت کی خدمت کی ہم ان کے مقروض ہیں۔ تمام مسلمان ملکوں کے ساتھ دوستی اور قریبی تعلقات کا خواہاں ہیں۔

Advertisement