انقرہ: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ فلسطین میں اسرائیلی ظلم و جبر کے خلاف اگر پوری دنیا خاموش بھی ہو جائے تب بھی ہم اس کے ظلم کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔
ترک صدر نے بر سر اقتدار انصاف و ترقی پارٹی کے نمائندوں سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس ملاقات کی ۔
انہوں نے کہا کہ شامی سرحد کے قریب جس طرح سے ہم نے دہشتگردوں کا راستہ روکا اسی طرح مسجد الاقصی کی جانب بڑھتے ہوئے ہاتھوں کو ہم روکیں گے، میں نے بعض عالمی رہنماوں سے رابطہ کیا جنہوں نے ہمارے موقف کی مکمل تائید کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے فلسطینی شہروں اور القدس میں برپا مظالم کے خلاف آواز اٹھانا ناموس انسانیت کا فرض ہے، اسرائیل کی جانب سے بہائے جانے والے خون پر خاموش رہنے والوں کو یہ یاد رکھنا چاہیئے کہ ایک دن ان پر بھی یہ وقت آ سکتا ہے۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ القدس، مسلمانوں کے ساتھ ساتھ مسیحیوں اور یہودیوں کے لیے بھی مقدس مقام ہے جہاں اسرائیل نامی دہشتگرد ریاست نےانسانیت سوزی کی تمام حدیں عبور کر لی ہیں،میں اقوام عالم سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ بلا امتیاز اسرائیلی جارحیت کے خلاف متحد ہو جائیں ۔