اسرائیل کی جیل سے فرار ہونے والے آخری دو قیدی بھی دوبارہ گرفتار

اسرائیل کی جیل سے فرار ہونے والے آخری دو قیدی بھی دوبارہ گرفتار

صہیونی فورسز نے دونوں فلسطینیوں کو مغربی کنارے میں جنین نامی قصبے سے گرفتار کیا۔ دونوں قیدیوں نے فلسطینی آبادی کو ہراسانی سے بچانے کے لئے خود کو سرنڈ ر کیا۔

گرفتاری سے قبل 35 سالہ فواد کمامجی نے اپنے والد کو فون کر کے اطلاع دی تھی کہ صہیونی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کیا ہوا ہے، مزید افراد کو پریشانی سے بچانے کے لئے انہوں نے گرفتاری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ والد نے مزید بتایا کہ اسرائیل کی جدید ٹیکنالوجی کے باوجود ان کے بیٹے نے فرار ہو کر اور دو ہفتے تک چھپے رہ کر صہیونی حکومت کے منہ پر طمانچہ مارا ہے۔

2 ہفتے قبل 6 فلسطینی قیدی اسرائیل کی ہائی سیکورٹی جیل سے سرنگ کھود کر فرار ہوگئے تھے، جن کی دوبارہ گرفتاری کے لئے اسرائیلی فورسز نے مظالم کی انتہا کر دی، درجنوں فلسطینیوں کو گرفتار کر کے پوچھ گچھ کی گئی اور تمام 6 قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا۔ مزاحمتی تنظیم حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ قیدیوں کا تبادلہ کر کے ان 6 قیدیوں کو ضرور آزاد کروایا جائے گا۔