نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکا کے سینئر سینیٹر لنزے گراہم نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین پر ماسکو کے حملے کے بعد روس میں کوئی شخص صدر ولادیمیر پیوٹن کو قتل کردے۔
کانگریس میں 20 سال سے زائد خدمات انجام دینے اور ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کے قریبی ساتھی رہنے والے سینیٹر نے روس ۔ یوکرین جنگ کے پہلے روز ایک قرارداد پیش کی تھی جس میں روسی صدر اور ان کے فوجی کمانڈروں کے ’جنگی جرائم‘ کے ارتکاب پر مذمت کی گئی تھی اور ان کے اس عمل کو انسانیت کے خلاف جرائم قرار دیا گیا تھا۔
فاکس نیوز کے میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی سینیٹر نے کہا کہ یہ کس طرح ختم ہوگا؟ روس میں اس اقدام کے لیے کسی شخص کو باہر نکلنا ہوگا۔
بعد ازاں انہوں نے ٹوئٹ میں اپنا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ صرف روس کے لوگ ہی اس مسئلے کو حل کر سکتے ہیں۔
سینیٹر نے رومی حکمران جولیس سیزر کو قتل کرنے والے رومی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کیا یہ روس میں ایک بروٹس ہے؟
سابق صدارتی امیدوار نے یہ بھی کہا کہ روسی فوج میں ’کرنل اسٹافنبرگ‘ جیسے کامیاب جرنل بھی موجود تھے۔ آپ اپنے ملک اور دنیا کو عظیم خدمات فراہم کر سکتے ہیں۔