یوکرین مطالبات پورے کرے ورنہ روسی فوج فیصلہ کریگی: سرگئی لاوروف

Published On 28 December,2022 06:20 am

ماسکو : ( ویب ڈیسک ) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ یوکرین کو روس کے مطالبات پورے کرنے ہوں گے ورنہ روسی فوج اس جنگ کا فیصلہ کرے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی وزیر خارجہ سر گئی لاوروف نے اپنے حالیہ بیان میں یوکرین کو الٹی میٹم دیا ہے کہ وہ روس کے مطالبات پورے کرے ورنہ روسی فوج ہی اس معاملے کا فیصلہ کرے گی۔

سرگئی لاوروف نے کہا کہ یوکرین حکومت کے زیر کنٹرول علاقوں کو فوج سے آزاد کرنے، وہاں سے روس کی سلامتی کو درپیش خطرات کے خاتمے کی ہماری تجاویز کا دشمن کو اچھی طرح علم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نقطہ سادہ سا ہے اور وہ یہ کہ یوکرین ان مطالبات کو اپنی بھلائی کے لیے پورا کرے، ورنہ اس معاملے کا فیصلہ روسی فوج کرے گی۔

رپورٹس کے مطابق روس کا ایک مطالبہ یہ بھی ہے کہ یوکرین اُس کے زیر قبضہ علاقے میں ہتھیار ڈال دے اور کیئف ملک کے پانچویں حصے پر اِس کی فتح کو تسلیم کرے۔

Advertisement