امریکا کا سوڈان کے لئے 245 ملین ڈالر کی انسانی امداد کا اعلان

امریکا کا سوڈان کے لئے 245 ملین ڈالر کی انسانی امداد کا اعلان

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ سوڈان اور اس کے پڑوسی ممالک کو 245 ملین ڈالر کی انسانی امداد دے رہے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انسانی امداد سوڈان میں جاری بحران سے نمٹنے کے لئے دی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے نیم فوجی دستوں کے درمیان 15 اپریل کو لڑائی شروع ہونے کے بعد سے محکمہ خارجہ کا اندازہ ہے کہ سوڈان کے اندر 840,000 لوگ بے گھر ہو چکے ہیں اور مزید 250,000 ملک چھوڑ چکے ہیں۔

یاد رہے کہ سوڈان میں دونوں فریقوں نے پیر کی رات سے شروع ہونے والی ایک ہفتہ محدود مدتی جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔

امریکا سمیت متعدد ممالک نے سوڈان میں محدود مدتی جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سوڈان کے دونوں فریق مکمل جنگ بندی کے لئے مذاکرات اور سیاسی عمل کو موثر بنانے پر توجہ مرکوز کریں گے۔

خیال رہے کہ 2023 میں امریکا نے سوڈان، چاڈ، مصر، جنوبی سوڈان اور وسطی افریقی جمہوریہ کو تقریباً 880 ملین ڈالر کی انسانی امداد فراہم کی ہے۔

انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ امریکا ہارن آف افریقہ میں انسانی ضروریات کے لیے اب تک سب سے بڑا واحد عطیہ دہندہ ہے اور ہم خوراک، پانی اور دیگر ضروریات فراہم کرنے کے لیے بین الاقوامی اور مقامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔