بیجنگ : (دنیانیوز) چین نے تائیوان کے نائب صدر ولیم لائی کے امریکی دورے پر ردعمل دیتے ہوئے پڑوسی ملک تائیوان کے گرد سمندر میں فوجی مشقوں کا آغاز کیا ہے جس کو سخت تنبیہہ قرار دیا جا رہا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق پیپلز لبریشن آرمی کی ایسٹرن تھیٹر کمانڈ نے مشترکہ گشت اور فوجی مشقوں کا آغاز کیا، مشقوں کا مقصد حقیقی جنگی حالات میں لڑنے کی صلاحیت کو جانچنا ہے۔
چینی خبررساں رپورٹ میں کہا گیا کہ ان مشقوں کا مقصد ’تائیوان کی آزادی‘ کے لیے سرگرم علیحدگی پسندوں کی غیرملکی عناصر کے ساتھ ملی بھگت اور ان کی اشتعال انگیزیوں جواب میں ایک سخت انتباہ دینا ہے۔
چین نے کئی بار کہا ہے کہ تائیوان اُس کا حصہ ہے اور اس پر قبضہ کرنے کے لیے طاقت کے استعمال سے بھی دریغ نہیں کرے گا۔
چین اس سے قبل بھی علاقے میں بڑی فوجی مشقیں کر چکا ہے ، دوسری جانب تائیوان نے ایک بیان میں چین کی فوجی مشقوں کی مذمت کرتے ہوئے ان کو غیرمعقول اور اشتعال انگیز رویہ قرار دیا ہے۔