بیجنگ : (ویب ڈیسک ) جنوبی چین کے شہر ماؤمنگ میں سمندری طوفان ہائیکوئی سے سیلابی صورتحال کے دوران ایک فارم سے 70 سے زائد مگرمچھ موقع ملتے ہی فرار ہوگئے ۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گوانگ ڈونگ صوبے کے شہر ماؤمنگ کے ارد گرد سیلاب کی وجہ سے مگرمچھ کے فارم میں موجود ایک جھیل سے 70 سے زائد مگرمچھ باہر نکل پڑے، جن کی تلاش کی جارہی ہے اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی تنبیہ کی ہے۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ لاپتہ ہونے والے مگرمچھوں میں 69 بڑے اور چھ چھوٹے ہیں، یہ مگرمچھ ’سیامی‘ نسل کے ہیں، جو تازہ پانی میں نشوونما پاتے ہیں، ان کی لمبائی 10 فُٹ تک لمبی اور اوسطاً وزن 75 کلوگرام ہو سکتا ہے۔
واقعے کے بعد کسی بھی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں کیونکہ مگرمچھ کافی گہرے پانی میں ہیں اور کئی سرکاری محکمے انہیں پکڑنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق ماؤمنگ میں حکام نے مچھوں کو پکڑنے کے لیے آپریشن کا آغاز کر دیا ہے ، جن میں آٹھ مگرمچھ پکڑے گئے ہیں اور کچھ کو مبینہ طور پر گولی مار دی گئی ہے یا بجلی کا کرنٹ لگ گیا ہے۔
خیال رہے کہ چین میں مگرمچھوں کو ان کی جلد کے ساتھ ساتھ ان کے گوشت کے لیے بھی پالا جاتا ہے، جسے بعض اوقات روایتی ادویات میں استعمال کیا جاتا ہے۔
واضح رہے سمندری طوفان ہائیکوئی پچھلے ایک ہفتے سے جنوبی ایشیا میں تباہی مچائی ہوئی ہے، جس سے اب تک 7ہلاکتوں کی تصدیق بھی ہوچکی ہے۔