غزہ: (ویب ڈیسک) اسرائیل کی فوج نے حماس کی قید میں موجود اپنی ہی خاتون فوجی نوا مارسیانو کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے حماس کی قید میں 19 سالہ خاتون فوجی کارپورل نوا مارسیانو کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کو اطلاع کر دی، حماس ملٹری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان نے خاتون فوجی کے اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے کا اعلان کیا تھا، فوجی نوا مارسیانو کو 7 اکتوبر کو یرغمال بنایا گیا تھا۔
حماس کے عسکری ونگ نے دعویٰ کیا تھا کہ خاتون فوجی نوا مارسیانو 9 نومبر کو اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاک ہوئیں تاہم اس کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی، نوا مارسیانو ان تقریباً 240 یرغمالیوں میں سے ایک تھیں جنہیں حماس نے گزشتہ ماہ حملے کے دوران یرغمال بنایا تھا۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں میں 11 ہزار سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں، اب تک حماس نے 4 مغویوں کو رہا کیا ہے جبکہ اسرائیلی ڈیفنس فورس نے ایک کو بازیاب کرایا ہے۔