جنوبی افریقا نے اسرائیل کیخلاف عالمی فوجداری عدالت سے رجوع کر لیا

Published On 18 November,2023 05:04 am

کیپ ٹاؤن: (دنیا نیوز) جنوبی افریقا نے غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت سے رجوع کر لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقا نے غزہ میں اسرائیل کے مبینہ جنگی جرائم کی تحقیقات کیلئے عالمی فوجداری عدالت میں ریفرل دائر کیا ہے۔

جنوبی افریقا کے صدر رامافوسا کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ میں جنگی جرائم اور نسل کشی کا مرتکب ہو رہا ہے جہاں ہزاروں فلسطینی مارے جا چکے ہیں اور ہسپتال، عوامی انفراسٹرکچر تباہ ہو چکے ہیں، غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہیں اور یقین ہے کہ عالمی فوجداری عدالت اسرائیلی جنگی جرائم کی تحقیقات کرے گی۔

واضح رہے کہ غزہ پر جارحیت کیخلاف احتجاجاً جنوبی افریقا کے وزیر خارجہ نے اسرائیل سے اپنے سفارتی عملے کو واپس بلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں غزہ میں معصوم بچوں اور شہریوں کی شہادتوں پر تشویش ہے۔

جنوبی افریقی وزیر خارجہ نے غزہ میں جاری وحشیانہ کارروائیوں پر اسرائیلی وزیر اعظم کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا ماننا ہے کہ اسرائیلی رویہ اجتماعی سزا دینے کے مترادف ہے۔