غزہ میں اسرائیلی فوج کے قاتلانہ وار جاری، مزید 300 فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی فوج کے قاتلانہ وار جاری، مزید 300 فلسطینی شہید

خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے مسجد العودہ اور عثمان بن کاشغر مسجد پر شدید بمباری کی گئی، رفاہ اور جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر بھی گولے برسائے گئے۔

صیہونی فورسز کے حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 300 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔

یاد رہے کہ اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 17 ہزار 487 تک جا پہنچی، 46 ہزار سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیل نے امریکا سمیت متعدد ممالک سے فوجی ساز و سامان ملنے کی تصدیق کر دی

غزہ میں فلسطینی شہریوں کے ساتھ اسرائیلی فوج کا بدترین سلوک بھی جاری ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق نہتے فلسطینیوں کو برہنہ کر کے تذلیل کی گئی، شدید سردی میں کھلے آسمان تلے ٹھنڈی زمین پر بٹھائے رکھا۔

بچوں، بزرگوں اور جوانوں کے ساتھ ہتک آمیز سلوک کر کے ٹرکوں میں ڈال کر نامعلوم مقام پر لے گئے جس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اسرائیلی بربریت کے شکار مظلوم فلسطینیوں کے حق میں 5 قراردادیں منظور کر لیں۔

جنرل اسمبلی میں پناہ گزینوں کی مدد، امدادی کاموں اور اثاثوں کے تحفظ سمیت یہودی آبادکار بستیوں کیخلاف 5 قراردادیں منظور کی گئیں، پناہ گزینوں کی مدد کے حق میں منظور ہونے والی قرارداد کے حق میں 168 ممالک نے ووٹ دیا، امریکا سمیت 10 ممالک ووٹنگ کے عمل سے غیر حاضر رہے۔