برسلز: (دنیا نیوز) یورپی یونین کی جانب سے پاکستان میں گزشتہ روز ہونے والے عام انتخابات پر ردعمل سامنے آ گیا ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔
یورپی یونین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں پولنگ مکمل ہونے کا جائزہ لیا ہے، کئی ماہ کے التواء اور غیر یقینی صورتحال اور ایک کشیدہ سکیورٹی ماحول کے بعد انتخابی عمل مکمل ہوا جس میں پاکستانی عوام کی شرکت جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کیلئے ان کی وابستگی کو ظاہر کرتی ہے، خواتین اور دیگر اقلیتوں نے درپیش نظامی رکاوٹوں کے باوجود اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا۔
یورپی یونین نے اپنے ردعمل میں مزید کہا ہے کہ گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں رجسٹرڈ خواتین کی بڑھتی ہوئی تعداد کا خیرمقدم کرتے ہیں، ہم کچھ امیدواروں کو سیاسی عمل سے دور رکھنے، اظہار رائے پر پابندی اور انٹرنیٹ کی بندش کی مذمت کرتے ہیں، ہمیں شدید مداخلت کے الزامات کی وجہ سے ایک برابری کا میدان نہ ہونے پر افسوس ہے۔