فلوریڈا میں خوفناک بس حادثہ ، 8 افراد ہلاک ، 8 شدید زخمی

Published On 15 May,2024 08:47 am

فلوریڈا : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) شمالی وسطی فلوریڈا میں کسانوں کو لے جانیوالی بس خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی ، جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس  کے مطابق شمالی وسطی فلوریڈا میں منگل کی صبح کھیتوں میں کام کرنے والے کسانوں  کو لے جانے والی بس کے حادثے 8افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 8شدید زخمی ہوئے۔

فلوریڈا ہائی وے پٹرول کے مطابق واقعہ صبح ساڑھے چھ بجے ڈنیلون، فلوریڈا کے مضافات میں پیش آیا جب فارم ورکرز (کسانوں)  کو لے جانیوالی بس اور فورڈ رینجر ٹرک آپس میں ٹکرا گئے، تصادم کے نتیجے میں  8افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں ۔

پولیس نے ٹرک کے ڈرائیور کو بعد میں نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔

ہائی وے پٹرول لیفٹیننٹ پیٹ ریورڈن نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ حادثے میں مجموعی طور پر 40 افراد کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جن میں سے کچھ کی حالت انتہائی تشویشناک ہے ۔

ان کا مزید بتانا تھا کہ بس میں 53 افراد سوار تھے ، اس حوالے سے فلوریڈا ہائی وے پٹرول کی تحقیقات جاری ہیں۔