فرانس : قیدیوں کی وین پر حملہ، گرفتار سمگلرکوساتھی چھڑاکرلے گئے

Published On 15 May,2024 08:58 am

پیرس : (ویب ڈیسک ) فرانس میں گینگ نے دن دیہاڑے فائرنگ کرکے قیدی وین میں موجود منشیات کے سب سے بڑے سمگلر کو چھڑا لیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ نارمنڈی کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب    The Fly  نامی قیدی کو جیل سے عدالت لایا جارہا تھا، دو منٹ تک جاری رہنے والی فائرنگ میں 2 پولیس اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں ۔

نقاب پوش حملہ آوروں نے اپنی کالی گاڑی پولیس کے سفید ٹرک سے ٹکرائی، کار سے چھلانگ مار کر باہر نکلے اور ٹرک کو چاروں طرف سے گھیر ے میں لے کر فائرنگ شروع کردی، جبکہ ایک حملہ آور نے قیدی وین کا دروازہ کھولا اور قیدی کو نکال لیا، اس طرح انتہائی فلمی انداز میں 30 برس کا قیدی محمد امرا کو اس کے ساتھی حملہ آور باآسانی چھڑا کر لے گئے۔

علاوہ ازیں قیدی جن دو گاڑیوں میں فرار ہوئے ان میں سے ایک بعد میں جلی ہوئی ملی ہے۔

واضح رہے کہ فرار ہونیوالا گینگسٹر قتل کی کوشش اور ڈکیتی سمیت گیارہ وارداتوں میں ملوث ہے۔